ولنگٹن: نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو چودہ رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ولنگٹن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی، نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گرینڈہوم شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے پہلے ٹاس جیتا پھر میچ بھی جیت لیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بلیک کیپس نے ایک سواسی رنز بنائے۔
ڈی گرینڈ ہوم نے شاندار نصف سنچری جڑی، جواب میں انگلش ٹیم کو اچھا آغاز ملا، اوپنر ڈیوڈ ملان نے پچپن اور جیمز ونس نے انچاس رنز بنائے۔
ایک سو انتالیس پر کپتان مورگن کی وکٹ گری تو انگلش بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی، لوکی فرگیوسن اور بلیئر ٹکنر کی زبردست بولنگ کی بدولت کیویز نے انگلینڈ کو چودہ رنز سے شکست دی۔
دوسرا ٹی20: نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے شکست کا بدلہ لے لیا
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو 21 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کی تھی۔
جبکہ انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔