کوئٹہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آگیا جہاں ماں باپ اپنے دو بیٹوں سمیت پانی کے کنویں میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
واقعہ شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس اور قمبرانی روڈ سے ملحقہ باریزئی ٹاؤن کے ایک گھر میں پیش آیا۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق کنویں میں چھوٹے بھائی کے پھنس جانے کے باعث خاندان کے دوسرے افراد بھی پانی کے کنویں میں اترے تاہم گیس ہونے کے باعث چار افراد پھنس گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو آپریشن شروع کر کے تمام افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم والدین اور دو بھائی جانبر نہ ہو سکے۔
ضروری کارروائی کے بعد لاش گھر منتقل کر دی گئیں۔
گزشتہ سال جون میں راولپنڈی کے علاقہ روات میں ایک شخص کنویں میں صفائی کیلیے اترا اور زہریلی گیس بھر جانے سے بے ہوش ہوگیا۔ اسے نکالنے کیلیے یکے بعد دیگرے 7 افراد کنویں میں اترے اور تمام بئ ہوش ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچے۔ امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو باہر نکالا گیا تاہم دم گھٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔