سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے 4 اہلکار موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ دیگر 3 کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پور فوجی ٹرک بے قابو ہو کر پہاڑی سے نیچے جا گرا جس کے باعث 4 اہلکار ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوئے۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ڈرائیور صدر کوٹ پاین علاقے کے قریب سڑک پر ٹرک کو موڑ سے گزارنے کی کوشش کر رہا تھا جو ناکام ہوئی اور گاڑی کھائی میں جا گری۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو نئے مشین پستول ’اسمی‘ کی فراہمی
واقعے کے بعد تمام زخمی فوجیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے چار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ تین زخمی زیرِ علاج ہیں۔
جائے حادثہ پر سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکار موجود رہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب مقبوضہ وادی میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہو۔ 24 دسمبر 2024 کو ضلع پونچھ میں فوجی ٹرک سڑک سے اتر کر 350 فٹ گہری کھائی میں جا گرا تھا جس میں 5 اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تھے۔
4 نومبر 2024 کو ضلع راجوری میں ایک فوجی اہلکار کی گاڑی سڑک سے اتر کر ایک گھاٹی میں گرنے سے موت ہوگئی تھی اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔