بھارت میں گول گپے کھانے سے 40 افراد کی حالت بگر گئی جس کے نتیجے میں انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھارکھنڈ کے کوڈرما میں گول گپے کھانے سے 40 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے جن میں 30 بچے بھی شامل ہیں۔
انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کی شام ضلع کے لوکائی پنچایت کے گوسائیں ٹولا اور بالروٹانڈ گاؤں میں ایک دکاندار گول گپّے بیچنے گیا تھا۔
ان گول گپوں کو کھانے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی زیادہ تر لوگوں کو الٹی اور اسہال کی شکایت ہونے لگی۔
یکے بعد دیگرے 40 لوگ ضلع کے صدر اسپتال میں علاج کے لیے پہنچے۔ کچھ کو نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ مریضوں کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ کوڈرما صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز دستیاب نہیں ہیں۔
بعدازاں ڈاکٹر رات گئے پہنچے اور ان کو طبی امداد کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔