ریاض: سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے جاری خصوصی احکامات کے تحت 400 کلو گرام وزنی شخص کو خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے قریات سے ریاض منتقل کردیا گیا۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق القریات میں مقیم موٹاپے کا شکار سعودی شہری منصور الشراری نے عید الاضحیٰ سے قبل ایوان شاہی سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا علاج کروانے میں مدد فراہم کی جائے۔
شہری نے اپنی درخواست میں مزید کہا تھا کہ وہ اپنے زیادہ وزن کی وجہ سے نقل و حرکت کرنے کے قابل نہیں۔ اس لیے انہیں ریاض کے شاہ خالد یونیورسٹی اسپتال لے جانے کے لیے خصوصی جہاز فراہم کیا جائے۔
ایوان شاہی کی جانب سے منصور الشراری کو القریات سے ریاض منتقل کرنے کے لیے خصوصی سی 130 طیارہ بھیجا گیا جس کے ذریعے انہیں ریاض پہنچایا گیا۔
#الإخبارية تلتقي "منصور الشراري” الذي يعاني من سمنة مفرطة وتجاوز وزنه 500 كيلو #الإخبارية#نشرة_النهار pic.twitter.com/E9PApdh4e8
— قناة الإخبارية (@alekhbariyatv) July 17, 2021
اس موقع پر منصور الشراری کا کہنا تھا کہ آج وہ اپنی صحت مندی کے سفر پر روانہ ہو رہے ہیں اور جلد ہی اپنے علاقے القریات میں صحت مند ہو کر واپس جائیں گے۔
ایوان شاہی کی جانب سے درخواست منظور کیے جانے پر منصور الشراری نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔