اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عمران خان کی سادگی مہم کے تحت مزید 42 سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کردیا جن کی بولیاں 15 نومبر کو لگیں گی۔
حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے پانچویں مرحلے میں 42 سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کیا جنہیں 15 نومبر بروز جمعرات دن 11 بجے کو اسلام آباد ڈرائی پورٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق گاڑیوں کی نیلامی ماڈل کلیٹر کسٹم کی نگرانی میں کی جائے گی، بولی لگنے کا وقت صبح 9 بجے سے 11 تک ہوگا۔
مزید پڑھیں: وزارتِ مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی جاری، 33 گاڑیاں فروخت
حکومتی اعلامیے کے مطابق نیلامی کے لیے 2014 کے ماڈل کی تین بی ایم ڈبلیو (760 ایل آئی) ،2016 کے ماڈل کی بی ایم ڈبلیو (ایس فائیو)، 2016 کے ماڈل کی چار مرسڈیز، 2005 کی مرسڈیز کار پانچ عدد پیش کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ مرسڈیز کار ( 5 عدد)، مرسڈیز لیموزین (2005)، لینڈ کروزر (2008، 2015) ، لیکسس جیت اور بغیر بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔
اسے بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس کی 100 سے زائد لگژری گاڑیاں نیلام کی جاچکی ہیں، پہلے مرحلے میں 8 بی ایم ڈبلیو کی بولی لگائی گئی تھی بعد ازاں 2014 کے ماڈل کی تین گاڑیوں اور 3ہزار سی سی کی دو گاڑیوں کو فروخت کیا گیا تھا۔
واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔
اسے بھی پڑھیں: اسحاق ڈارکی گاڑیاں اورجائیداد نیلام کرنے کا حکم
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔