کراچی:صوبہ سندھ میں آج کرونا وائرس کے مزید 9 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ صوبے میں451 نئے کیسز رپورٹ ہوئے
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورت حال پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے کل 3671 ٹیسٹ کیے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 451 کیسز سامنے آنا تشویش ناک ہے،آج 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 8189 اور ہلاکتیں 157 ہوگئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج 60 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں، مجموعی طور پر صحت یاب مریضوں کی تعداد 1731ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت تک 6752 کرونا کےمریض زیرعلاج ہیں،89مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے،14 وینٹی لیٹر پر ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا کے 5528 مریض گھروں میں آئسسولیٹ ہیں، آئسولیشن مراکز میں 721 اور اسپتالوں میں 503 مریض زیر علاج ہیں۔
سندھ حکومت کی کرونا پر پالیسی کو سب نے اپنایا، مرتضیٰ وہاب
یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ سندھ حکومت کی کرونا اسٹریٹجی 26 فروری سے پہلے شروع ہوئی، سندھ حکومت کی کرونا پر پالیسی کو سب نے اپنایا۔