کراچی: رواں ماہ جولائی میں بھارت سے آنے اور جانے والے طیاروں نے چوتھی مرتبہ کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر لائن انڈیگو کی پرواز کے طیارے نے آج صبح کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، ایئر بس 320 شارجہ سے حیدر آباد دکن جا رہا تھا، جس میں 180 سوار تھے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی مسافروں کو لینے کے لیے متبادل طیارہ احمد آباد سے کراچی پہنچ گیا ہے۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق پرواز 6E-1406 کے طیارے نے شارجہ سے حیدر آباد دکن جاتے ہوئے بحیرۂ عرب کی فضائی حدود کے دوران طیارے میں تیکنیکی خرابی پر ہنگامی لینڈنگ کی کال دی تھی۔
شارجہ سے بھارت جانے والی پرواز کی کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
بھارتی ایئر لائن انڈیگو کے طیارے کے کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرایا، ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارے کے مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا گیا، کراچی ایئر پورٹ منیجر محمد عمران خان کے مطابق مسافروں کو ناشتہ بھی فراہم کیا گیا۔