انسداد دہشتگردی کی عدالت نے اہم عمارات پر حملے کی منصوبہ بندی اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے جرم میں 5 مجرموں کو عمرقید کی سزا سنادی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے پانچ مجرمان کو اہم عمارتوں پر حملہ کی منصوبہ بندی اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کے جرم میں عمرقید کی سزا سنادی۔
سزا کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد مجرمان ثمر قند، عبد الرحمان، عمران، وزیر گل اور عصمت اللہ عدالت میں زارو قطار روتے رہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ مجرمان کیخلاف سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مجرمان صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی اہم سرکاری عمارتوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
سی ڈی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اہم سرکاری عمارتوں کے نقشے اور دھماکہ خیز مواد جن میں ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ شامل تھا برآمد کیے تھے۔_