ملتان/وہاڑی: پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹریکٹر ٹرالیوں، بس اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں چک چھٹہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور بس میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ حادثے میں 13 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹراما سینٹرمنتقل کر دیا گیا ہے، حادثے کا شکار بس شادی کے لیے جوکھیاں سے ملتان جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے۔
ادھر دوسرے حادثہ سلطان کالونی میں پیش آیا، اڈا پٹھان ہوٹل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی ایک وین سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے جنھیں ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، یہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔
ضلع وہاڑی کے علاقے ٹبہ سلطان پور میں وہاڑی روڈ پر تیز رفتار کار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق، جب کہ 1 شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق شخص کی شناخت 18 سالہ محمد انس کے نام سے ہوئی۔
جاں بحق ہونے والا نوجوان کمالیہ کا رہایشی تھا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمی ڈرائیورعبدالرشید کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔