لاہور : یونان کشتی حادثے میں ملوث 5 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا ، انسانی اسمگلرزنے متعدد شہریوں کو یورپ کا جھانسہ دےکر کروڑوں روپے بٹورے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہورزون کا انسانی اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری جاری ہے ، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ گجرات اور منڈی بہاؤالدین نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث 4 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلرزنے متعدد شہریوں کو یورپ کا جھانسہ دےکر کروڑوں روپے بٹورے، ملزمان نے 4 متاثرہ شہریوں سے فی کس 25 لاکھ روپے بٹورے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں محمد مدثر، سید اویس شاہ، اورنگزیب اور جہانزیب شامل ہیں ، یہ انسانی سمگلر پاکستان سے لیبیا ،لیبیا سے یونان بذریعہ کشتی بھجوانےمیں ملوث تھے۔
ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی، چاروں متاثرہ شہری یونان حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، ایف آئی اے گجرات سرکل نے اب تک 23 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے شیخوپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثےمیں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا، انسانی اسمگلرنےشہری کو یورپ بھجوانےکاجھانسہ دیکر 20 لاکھ روپے لئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کےدیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار جا رہے ہیں اور یونان کشتی حادثےمیں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کیلئے مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نےکشتی حادثے میں اب تک 11مقدمات درج کئے اور اب تک 3 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیاہے۔