چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع قلع عبداللہ کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ دس شدید زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں 8 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، پولیس نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے اختر گلفام نے بتایا کہ بڑی تعداد لوگ بھی زخمیوں کو خون دینے کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔