گلگت بلتستان: اسکول جلانے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کار ایک ایک کر کے قانون کی گرفت میں آنے لگے، تخریب کاری میں ملوث مزید پانچ سہولت کاروں نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی اداروں نے گلگت بلتستان میں تعلیم کے دشمنوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا، ایک اور کام یابی ملی، اسکول جلانے میں ملوث مزید پانچ سہولت کاروں نے سرنڈر کر دیا۔
حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق خود کو قانون کے حوالے کرنے والے سہولت کاروں کی تعداد پچاس ہوگئی ہے، تین دن قبل بھی ضلع دیامر سے چھ سہولت کاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سہولت کاروں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے، انھوں نے کہا ’جرگے نے سہولت کاروں کو سرنڈر کرانے میں کردار ادا کیا۔‘
حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے حالات معمول پر ہیں، علاقے میں حکومتی رٹ قائم ہے۔
دیامر میں اسکول جلانے میں ملوث تخریب کاروں کے 6 مزید سہولت کار گرفتار
واضح رہے کہ ضلع دیامر میں تخریب کاروں کے خلاف پولیس اور ایف سی کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، پہاڑوں پر اسکول جلانے والے تخریب کار تلاش کیے جا رہے ہیں۔