خیبر پختونخوا میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے جس میں پانچ ڈاکو پورا بینک لوٹ کر با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واردات صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں پیش آئی جہاں تاروجہ کے علاقے میں واقع ایک بینک میں پانچ مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور تھوڑی دیر میں ہینک کا صفایا کر کے با آسانی فرار ہو گئے۔
ڈاکوؤں نے بینک کے لاکرز روم میں داخل ہوکر لاکرز توڑے اور اس میں رکھے گئے قیمتی طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔
واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس حکام اور نفری مذکورہ بینک پہنچے تاہم تب تک ڈاکو فرار ہوچکے تھے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو چوکیدار کو باندھ کر بینک کے اندر داخل ہوئے۔ پوچھ گچھ کے لیے چوکیدار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں چوری ڈکیتی کی وارداتیں تواتر سے ہو رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک واردات کراچی میں ہوئی جس میں دو نوجوان باربر شاپ میں داخل ہوئے اور بزور اسلحہ گاہکوں اور مالک کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔