پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک ایک جانب جھک گئی جس کے باعث عمارت میں رہنے والے افراد اور اہل علاقہ کی مارے خوف کے چیخیں نکل گئیں۔
یہ دل دہلانے والا واقعہ بھارتی حیدرآباد کے کونڈا پور ڈویژن کے صدیق نگر میں پیش آیا، جہاں ایک پانچ منزلہ عمارت کے جھک جانے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس عمارت کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت کے سیلر کی کھدائی جاری تھی جس کے باعث مذکورہ پرانی عمارت کے ستون زمین میں دھنس گئے، جس کی وجہ سے وہ ایک طرف جھک گئی۔
عمارت کے ایک جانب جھک جانے سے وہاں رہائشی افراد اور اہل علاقہ میں خوف پھیل گیا اور چیخ وپکار مچ گئی۔ لوگ اپنے گھروں سے بھاگتے ہوئے باہر نکل آئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے عملے نے پہنچ کر عمارت کے قریب رہائش پذیر افرادکو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
مذکورہ عمارت کے مکینوں اور علاقے کے لوگوں کو اندیشہ ہے کہ یہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے اور انہوں نے متعلقہ حکام سے اپنے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔