کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر نے پاکستان کے کسی بھی مقام پر ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم ذی الحج 12 جولائی بروز پیر ہوگی اور پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی بروز بدھ کو ہوگی۔
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ ملک بھر میں مطلع ابر آلود تھا، کسی بھی مقام پر چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
ماہ ذی الحج کے چاند کی رویت کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز ہوئے۔
قبل ازیں چئیرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ملک بھر سے شہادتیں حاصل ہونے کے بعد چاند سے متعلق اعلان کیا جائے گا، میڈیا سے گزارش ہے جب تک باقاعدہ اعلان نہ ہو خبر چاند سے متعلق نہ کوئی خبر نہ چلائیں‘۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ماہِ شوّال کے اعلان میں تاخیر کی گئی اور نہ آج کی جائے گا، چاند ہوگا تو نظر آئے گا، جس کا حتمی اعلان میں خود ہی کروں گا‘۔
محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کراچی کی زونل کمیٹی کے اراکین اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی تکنیکی معاونت کے لیے موجود ہیں۔
زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے علاقوں سے ملنے والی شہادت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجیں گی، جس کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔ مرکزی کمیٹی تمام شہادتیں موصول ہونے کے بعد ان کا جائزہ لے گی اور پھر اراکین کمیٹی کی مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے ڈائریکٹراسپیس سائنسزجامعہ کراچی پروفیسرجاویداقبال نے ذی الحج کے چاند کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ ہفتہ کوذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، 10 جولائی کو مغرب کے وقت چاند کی پیدائش کو 13 گھنٹے ہوں گے اور اس مدت کا چاند آنکھ سے نظر آنا ممکن نہیں۔
پروفیسرجاویداقبال کا کہنا تھا کہ کراچی کی نسبت پشاور میں چاند کی رویت کاامکان کم ہوتاہے، ذی الحج کا چاند 11 جولائی کو واضح نظر آئے گا ، جس کے مطابق عیدالاضحی 21 جولائی ہوگی۔