کراچی: قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے سندھ کے ایک اور ضلعے میں اسپتال کا افتتاح کردیا۔
این آئی سی وی ڈٰی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے تیسویں سینٹر کا ٹنڈوالہیار (ڈی ایچ کیو اسپتال) کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار ستار بچانی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’ٹنڈوالہیار میں این آئی سی وی ڈی سینٹر کا قیام ایک نعمت اور یہاں کے لوگوں کے لئے تحفہ ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کے صوبے میں دس اسپتال اور 19 چیسٹ پین یونٹس ہیں، جہاں امراض قلب کے مریضوں کا بلکل مفت علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے سینٹر کے قیام کو شہر اور اطراف میں بسنے والے لوگوں کے لیے تحفہ قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق یہ سینٹر این آئی سی وی ڈی حیدرآباد سے منسلک ہوگا، جہاں پر امراضِ قلب کے مریضوں کو جدید پرائمری پی سی آئی، انجیوپلاسٹی، پیس میکرز، ایکوکارڈیوگرافی، اوپی ڈی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔ یہ منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔
این آئی سی وی ڈی یگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ ’سینے کے درد کے یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، جو جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان کی مدد سے ابتدائی تشخیص بھی جاسکتی ہے۔
این آئی سی وی ڈی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان چیسٹ پین یونٹس میں اب تک 517,178 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور 11,358ہارٹ اٹیک کے مریضوں کی زندگیاں بچائی گئیں۔