برلن: جرمنی سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی انجینئرز نے پروٹو ٹائپ ویب آئی کیم نامی کیمرہ بنایا ہے جو دیکھنے میں انسانی آنکھ کی طرح ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی کیم کو کمپیوٹر مانیٹر کے ساتھ منسلک کیا جاسکتا ہے اور کیمرہ ویڈیو کال کے دوران بائیں اور دائیں گھومنے کے علاوہ پلکیں بھی جھپکاتا ہے۔
پہلی نظر میں یہ بالکل انسانی آنکھ کی طرح دکھائی دیتا ہے اور اس کے ارد گرد جھریاں بھی ہیں،آئی کیم میں تھری ڈی پرنٹ شدہ سلیکون کا ماسک استعمال کیا گیا ہے۔
آئی کیم کو مارل ٹیسیر اور ان کی ٹیم نے جرمنی کی سارلینڈ یونیورسٹی میں ہیومن کمپیوٹر انٹرایکشن لیب میں تیار کیا ہے۔
یہ تین اہم حصوں پر مشتمل ہے جلد کی تہہ ، (روبوٹ) عضلاتی نظام اور عدسہ۔ یہ کیمرہ راسبیری پی زیرو سے منسلک ہے اور کمپیوٹر کے ذریعے روایتی پلگ اینڈ پلے ویب کیم کی طرح کام کرتا ہے۔
ایک انسان کی طرح، آئی کیم بھی پلک جھپکتی رہتی ہے اور پلکیں متحرک طور پر آنکھوں کی بال کی حرکتوں کے مطابق ڈھل جاتی ہیں۔
کیمرے میں لگے سنسرز اسے مختلف ردعمل دینے میں مدد دیتے ہیں آئی کیم نامی کیمرے سے ایسے گمان ہوتا ہے گویا، ایک زندہ انسانی آنکھ دیکھ رہی ہے۔
اس کو اوپن سورس رکھا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ آپ گھر میں خود اپنا ورژن بھی بناسکتے ہیں۔