کراچی: سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے کراچی کے حلقے این اے 249 پر ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے الیکشن ملتوی کردئیے جائیں، حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تین سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس وقت آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیر علاج ہیں، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔
محکمہ صحت سندھ نے خط میں کہا ہے کہ انتخابی مہم میں دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کی آمدورفت جاری ہے، انتخابات ملتوی نہ کیے تو اموات میں اضافہ اور اسپتالوں میں جگہ کم ہونے کا خدشہ ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کسی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلہ کرے، الیکشن سرگرمیاں کورونا صورت حال کو مزید خراب کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
خط کے متن کے مطابق حکومت سندھ کا محکمہ صحت کورونا کی خراب صورت حال کا مقابلہ نہیں کرسکے گا، 29 اپریل کو ضمنی الیکشن کو کورونا لہر ٹوٹنے تک ملتوی کیا جائے۔