کراچی کے تاجروں نے ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم کرنے اور دکانیں رات 2 بجے تک کھولنے کا مطالبہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی صدر مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے کہا کہ مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔
تاجروں نے کہا کہ ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم کی جائے اور عید کی خریداری کے لیے بازاروں کے اوقات رات دو بجے تک بڑھائے جائیں، گزشتہ لاک ڈاؤن کا نقصان پورا نہیں ہوا ہے نئی پابندیاں کسی صورت قبول نہیں ہیں۔
سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں کی دو روز کی چھٹی فوری طور پر ختم کی جائے اور 12 رمضان المبارک کے بعد کراچی کی مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام عید الفطر کی خریداری کرسکیں۔
تاجر رہنما منصور شیخ اور صدر محمود حامد نے کہا کہ گزشتہ رمضان میں لاک ڈاؤن میں مارکیٹیں بند رہیں جس کی وجہ سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
تاجروں نے کہا کہ ہفتہ وار دو دن کی تعطیل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں، رمضان المبارک اور عید الفطر کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، اگر فروخت کے لیے مناسب وقت نہ دیا گیا تو تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔
جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ہم مارکیٹوں کو ایس او پیز کی پابندی ساتھ کھولنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے دکانیں شام 6 بجے تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔