کراچی: نیشنل کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 60 سالہ افرادکو واک ان ویکسینیشن سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی اجلاس میں اسپتالوں کو آکسیجن کی سپلائی کی صورت حال پر غور کیا گیا، این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں آکسیجن سپلائی کی صورت حال پر گہری نظر ہے، ملک بھر میں کورونا مریضوں کے لیے 6901 بیڈ مختص ہیں۔
این سی او سی نے طبی سہولتوں میں اضافے پر این ڈی ایم اے کی تعریف کی، ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن سپلائی بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، ہیلتھ اسٹرکچر میں 2811 آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہیلتھ اسٹرکچر میں 431 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا ہے، 1196 آکسیجن سلنڈر کا اضافہ کیا ہے، 500 بائی پیپ، 1504 آکسی میٹرز ہیلتھ اسٹرکچر میں شامل کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا کی سنگین صورتحال، حکومت کا پابندیوں کے اعلان کے بعد ایک اور بڑا فیصلہ
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا تھا کہ اتوار سے 60 سے 64 سال کے عمر کے لیے واک ان ویکسینیشن کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ 65 سال اور اس سے زیادہ کے لیے واک ان ویکسینیشن پہلے ہی جاری ہے۔