لاہور: شوگر مافیا کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کو ہٹا دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے تحفظات پر سربراہ شوگر انکوائری کمیشن کو ہٹا دیا گیا، ڈاکٹر رضوان کو انویسٹی گیشن سربراہ کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ابوبکر خدا بخش کو تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں ٹیم 70 فیصد سے زائد انکوائری مکمل کرچکی تھی، شوگر مافیا انکوائری ٹیم کو ڈاکٹر رضوان بطور سربراہ دیکھ رہے تھے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کل جہانگیر ترین سےملاقات کریں گے، ذرائع
واضح رہے کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان بھی کل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ہم خیال ارکان اسمبلی بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ ہونگے، اہم ترین ملاقات میں جہانگیر ترین وزیراعظم کو اپنے کیسز سے متعلق تحفظات سےآگاہ کریں گے۔
دوسری جانب جہانگیر ترین نے وزیراعظم سے ملاقات کرنےکیلئےہم خیال ارکان کےنام فائنل کرلئے ہیں، گیارہ قومی اسمبلی اور 22 ارکان پنجاب اسمبلی کے ہم خیال ارکان کل وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں شریک ہونگے۔