نوابشاہ میں کمسن بیٹیوں کو بچاتے ہوئے ماں ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوابشاہ میں ٹرین کی ٹکر سے ماں جاں بحق اور دو کمسن بیٹیاں زخمی ہوگئیں، حادثہ باندھی ریلوے اسٹیشن کے قریب مراد علی جمالی پھاٹک کے مقام پر پیش آیا۔
گنگا باگڑی نامی خاتون پٹری پر کھیلتی بیٹیوں کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئی۔
پولیس کے مطابق ماں کی لاش اور دونوں بچیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دونوں بچیاں تین سالہ دیویکا اور آٹھ سالہ سانتو کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، ٹرین کی زد میں آکر دادا اور کمسن پوتی جاں بحق
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے لانڈھی میں ٹرین کی زد میں آکر دادا اور کمسن پوتی جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 50 سال جبکہ بچی کی عمر ڈیڑھ سال تھی، دادا اور پوتی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے والی کراچی ایکسپریس کی زد میں آئے تھے۔