نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں جاری تشدد کو روکنا ہوگا، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ پر لگاتار بمباری سے 60 بچوں کی اموات ہوئیں، غزہ کے بچے جنگ کی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں، اسرائیل کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر سخت تشویش ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ حماس اور باقی دھڑے بھی اسرائیل میں شہریوں پر راکٹ فائر کرنا بند کردیں، عام شہریوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی جواز نہیں، ہمیں فوری طور پر جنگ بندی پر زور دینا ہوگا۔
فلسطینی وزیر خارجہ کا جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب
دوسری جانب فلسطینی وزیر خارجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واضح پیغام ہے سب غزہ میں جاری حالیہ صورت حال سے متعلق اقدامات چاہتے ہیں، اسرائیلی فورسز کی جانب سے بچوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز رات کو سوئے فلسطینیوں کو نشانہ بنارہی ہے، وبا کے دوران اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کو رکوائے۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی عوام نے حب الوطنی کے اصولوں کو ترک نہیں کیا، اسرائیل نے مقدس مہینے میں بیت المقدس کو نشانہ بنایا، اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، اسرائیل نے عالمی معاہدوں کو بھی نظر انداز کیا، جو کہتے ہیں اسرائیل کو دفاع کا حق ہے وہ ظلم کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ میں نہتے نمازیوں پر یلغار کی گئی، اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کررکھی ہے، اب بہت ہوگیا دنیا کو اسرائیلی تسلط کا خاتمہ کرنا ہوگا۔