ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

’رشکئی انڈسٹریل زون گیم چینجر ثابت ہوگا‘

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم عمران خان نے نوشہرہ میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت گزشتہ دنوں رشکئی اقتصادی زون کا افتتاح کیا، سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق رشکئی اقتصادی زون سی پیک کے تحت بننے والے چار بڑے اقتصادی منصوبوں میں سے ایک ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل یہ زون تیز رفتار صںعتکاری کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا اور جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس منصوبے میں دو ہزار سے زائد ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔

خیبرپختونخواحکومت کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی وجہ ملک کے دیگر تین زونز کے مقابلے میں اس زون کا ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ، ریلوے اسٹیشن، موٹروے اور شاہراہوں کے توسط سے پاکستان کے تمام صوبوں اور افغانستان سے منسلک ہونے کے علاوہ پانچ بڑے اضلاع نوشہرہ، مردان، صوابی چارسدہ اور پشاور کے سنگم پر واقع ہونا ہے جہاں کی زرخیز زمین مختلف قسم کی فصلیں اور سبزیاں اگانے کے لیے موزوں ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں 400 سے زائد صنعتیں شامل ہوں گی جن میں گارمنٹس اور ٹیکسٹائل، گھریلو سازو سامان، تجارتی سامان، الیکٹرونکس، آٹو موبائل، ادویہ سازی اور مکینیکل مصنوعات شامل ہیں جو لاکھوں افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کریں گی۔

تجزیے کے مطابق اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوگی تو یقیناً مختلف حوالوں سے گیم چینجر ثابت ہوگا جن میں ایک طرف خطے میں افغانستان کی بدلتی صورتحال میں اگر افغان طالبان اور افغان حکومت کے مابین افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے مذاکرات شروع ہوجاتے ہیں اور دونوں فریق امن کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرنے کی حامی بھر لیتے ہیں تو پشاور وادی جسے وسطی ایشیا کا گیٹ وے کہا جاتا ہے کو کاروباری اور ثقافتی حوالے سے دوبارہ وہ حیثیت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے کیونکہ سرمایہ کاری اسی وقت بڑھتی ہے جب سرمایہ دار اپنے سرمایہ کا تحفظ اور اس کے نتیجے میں آمدن میں اضافہ محسوس کرتا ہے یہی وجہ لگتی ہے کہ اس منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی خیبر پختونخوامحمود خان کو مخاطب ہوتے ہوئے خبردار بھی کیا اور کہا کہ ان صنعتی زونز میں سرمایہ داروں کی سرمایہ کاری کو ناصرف آسان بنانا ہوگا بلکہ روایتی دفتری حربے اور مشکلات کو ختم کرکے ون ونڈوآپریشن یقینی بنانا ہوگا۔

اب دیکھنا یہ ہے خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی)جس کا مقصد صنعتکاروں کو سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرنا صوبے میں صنعتکاری کے فروغ اور صنعتی زون کی ترقی کو یقینی بنانے میں کتنی حد تک کامیاب ہوتی ہے۔

اہم ترین

ضیاء الحق
ضیاء الحق
ضیاء الحق پیشے سے صحافی ہیں اور بیوروچیف اے آر وائی نیوز خیبر پختوانخواں کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں