اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا، مہم کا آغاز اسلام آباد سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ حکومت کی کوششوں سے رواں سال صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام بچوں تک رسائی ایک بڑا چیلنج ہے جس کے لیے مہم جاری ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے جامع قومی ایمرجنسی ایکشن پلان مرتب کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پلان کی عملداری وفاق، صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں: سندھ اور پنجاب میں پولیو مہم کا آغاز
واضح رہے کہ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بچوں کو پولیو کے قطرِے پلا کر مہم کا افتتاح کردیا، ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں 7 جون سے لے کر 13جون تک پولیو مہم چلائی جائے گی۔
اس مہم کے دوران سندھ کے 30 اضلاع میں 90 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 90 لاکھ بچوں میں سے 20 لاکھ سے زائد بچے کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے 20 اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ، پانچ روزہ مہم11 جون تک جاری رہے گی ، مہم کے انعقاد کے لئے 33 ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
مہم کے حوالے سے پولیو ٹیموں کی تربیت کا مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے اور کورونا سے تحفظ کے لئے ضلعوں کو ماسک اور سینیٹائزر کی فراہمی کی جا چکی ہے، مہم میں ایک کروڑ 41 لاکھ 82 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔