اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شوگر مافیا کے خلاف ہماری جنگ چل رہی ہے اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کسانوں سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شوگر مافیا کے خلاف محاذ کھولا قانون میں تبدیلی کی، قانون بنا کر شوگر ملز سے کسانوں کو درست وقت پر قیمتیں دلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو گنے کی پوری قیمت کی ادائیگی سے فائدہ ہوا، کسانوں کو درست ادائیگی سے ہمیں ایک ہی سال میں پھل مل گیا، کسانوں نے محنت سے فصلیں بوئی ہیں جس کا ملک کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی بنا رہے ہیں تاکہ فصلوں میں فائدہ ہو، کھاد سے متعلق بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں، چین سے کھاد لیں گے، ایگری کلچر سے متعلق بھی چین ہماری مدد کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ سی پیک میں ایگری کلچر کو بھی شامل کرلیا ہے، زرعی شعبے میں چین سمیت دیگر ممالک سے ٹیکنالوجی کا حصول ممکن بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی سطح پر بھی اقدامات اٹھا رہے، انڈسٹری اپنا منافع بڑھائیں، ٹیکس پورا ادا کریں، عوام پر سرمایہ کاری کریں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بجلی کے مہنگے داموں معاہدوں کی وجہ سے ہمیں نقصان ہورہا ہے، بجلی مہنگی خریدتے ہیں اور سستی فروخت کرتے ہیں جس سے نقصان ہوتا ہے، ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔