لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر مرحوم عبدالقادر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ساگا اسپورٹس نے میچ کروانے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ساگا اسپورٹس کا کہنا ہے کہ سابق عظیم کرکٹر مرحوم عبدالقادر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 13 جون کو نمائشی میچ ہوگا، میچ میں ماضی قریب کے نمایاں کرکٹرز حصہ لیں گے۔
ساگا اسپورٹس کے مطابق میچ میں عمران نذیر، عبدالرحمان، رانا نوید الحسن، ہمایوں فرحت، عمران فرحت حصہ لیں گے۔
سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی بھی ایکشن میں دکھائیں گے جبکہ دونوں ٹیموں میں ٹاپ خواتین کرکٹرز بھی شامل ہوں گی۔
عمران نذیر کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے میچ کا انعقاد خوش آئند ہے۔
مزید پڑھیں: عبدالقادر مرحوم کو ستارہ امتیاز ملنے پر بیٹوں کا جذباتی پیغام
عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ بہت پہلے شروع ہونا چاہیے تھا، عبدالقادر ایک حقیقی لیجنڈ کرکٹر تھے ایسی چیزیں ہوتی رہنی چاہئیں۔
واضح رہے کہ دو سال قبل عبدالقادر حرکت قلب بند ہونے سے 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
اپنے دور میں عبدالقادر نے لیگ اسپنر کی حیثیت سے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، گگلی ماسٹر نے ٹیسٹ میں 236 اور ون ڈے میں 132 وکٹیں حاصل کیں۔