اسلام آباد: کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر نور ولی محسود کے افغانستان میں مارے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر مفتی نور ولی محسود کے افغانستان میں ڈرون حملے میں مارے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی نور ولی کا محافظ انقلابی محسود بھی ڈرون حملے میں مارا گیا۔
مفتی نور ولی کا شمار کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز میں ہوتا تھا، ذرائع کے مطابق مفتی نور ولی قبائلی علاقوں میں آپریشن کے بعد افغانستان روپوش ہوگیا تھا۔
باوثوق افغان ذرائع مفتی نور ولی کے مارے جانے کی تصدیق کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مفتی نور ولی کے مارے جانے کی اب تک تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے رہ نما نور ولی محسود کو اقوام متحدہ کی داعش اورالقاعدہ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا اور اس کے اثاثے منجمد کر کے اس پر سفری پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ملا فضل اللہ کی ہلاکت کے بعد جون 2018 میں مفتی نور ولی محسود کو تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کیا تھا۔