کراچی: فاسٹ بولر وہاب ریاض نے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے پر خاموشی توڑ دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ پرفارم کررہا ہوں امید ہے ٹیم میں واپس آجاؤں گا، منتخب نہ کرنے کا جواب تو سلیکشن کمیٹی ہی دے سکتی ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ کارکردگی دکھانے کے باوجود ٹیم میں شامل نہ ہونے کا افسوس ہے، اگر میں میچ ونر نہیں تو مکی آرتھر نے ورلڈ کپ کے لیے کیوں بلایا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بولر نے کہا کہ یونس خان اور حسن علی کے جھگڑے کا میڈیا پر ہی سنا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ دنیا اپنے سینئرز کو اہم ایونٹ میں ترجیح دیتی ہے، دیکھتے ہیں ہمارے یہاں سینئر کا خیال آتا ہے کہ نہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شعیب ملک سمیت سینئر کرکٹرز ہمیشہ ٹیم کی ضرورت ہوتے ہیں، اگر وہ اس پریشر سے بھرپور ایونٹ میں ساتھ ہوں گے تو زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے، اب یہ سلیکشن کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ کیا پلان رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلش کنڈیشبز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، یہاں پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا، کامیابی کے لیے بہت جان مارنا پڑے گی۔