سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں تیز کردیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود دو ارب سے زائد صارفین کو جدید سہولیات تو فراہم کی جاتی ہی ہیں مگر استعمال کنندگان کو ایک مسئلہ درپیش تھا جس پر کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔
صارفین کو یہ مسئلہ درپیش تھا کہ اگر وہ اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو وہ اس کی چیٹ اور دیگر اہم چیزیں آئی او ایس یا دیگر آپریٹنگ سسٹم والے فون پر منتقل نہیں کرسکتے، اسی طرح کا مسئلہ آئی فون صارفین کو بھی درپیش تھا۔
واٹس ایپ پر گہری نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل کو آسان کرنے کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی فون سے چیٹ منتقل کرنے کی سہولت پر کام شروع کردیا ہے۔
ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ چیٹ منتقل کرنے کا آسان طریقہ پیش کرگی جس کی مدد سے صرف ایک کلک پر اینڈرائیڈ سے آئی او ایس یا آئی فون سے کسی بھی اینڈرائیڈ فون پر تمام چیٹ ، رابطہ نمبر اور فائلز منتقل کی جاسکیں گی۔
ٹویٹر پر جاری کردہ ویڈیو کے مطابق اس کام کے لیے صارف کو کیبل کی ضرورت ہوگی، جس کی مدد سے وہ اپنا مسئلہ باآسانی حل کرسکے گا۔
WhatsApp is developing a feature to migrate your chats between different platforms.
This video shows how chats are migrated from iOS. It's needed a cable: are new tools for PC coming or what?It'll be available for beta testers in a future update. Follow @WABetaInfo for more 💚 pic.twitter.com/Bu6xGxkpWE
— WABetaInfo (@WABetaInfo) July 2, 2021
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ سب سے پہلے یہ سروس آزمائش کے لیے بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے متعارف کرائے گا، بعد ازاں اسے دنیا کے صارفین استعمال کرسکیں گے۔
ویڈیو کے مطابق ایک فون سے دوسرے فون میں چیٹ منتقل کرتے وقت ایک بات کا دھیان رکھنا ہوگا کہ موبائل کسی صورت بند نہ ہو، اگر ایسا ہوا تو سارا عمل رُک جائے گا۔