کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ میں سوتیلے بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کرکے سوتیلی ماں اور بیٹے کو قتل کیا، فائرنگ سے بہن زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم الیاس کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم الیاس نے سوتیلی ماں زبیدہ، بھائی ببلو کو قتل کیا جبکہ فائرنگ سے بہن افشاں زخمی ہوگئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
ادھر کراچی کے علاقے پاک کالونی میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے وابستہ چار گینگسٹر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، ملزمان نارتھ ناظم آباد اور پاک کالونی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ریاض عرف بطخ، توقیر، تنویر اور وشال شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے چار پستول برآمد کرلیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم ریاض عرف بطخ پر دہشت گردی، پولیس مقابلوں ودیگر مقدمات درج ہیں۔