کراچی: سابق صدر مملکت ممنون حسین علالت کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ دو ہفتے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے اور ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
ممنون حسین مُلک کے 12 ویں صدر رہے اور اس کے علاوہ وہ گورنر سندھ بھی رہے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے سابق صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالی سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
اللہ تعالی سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے – آمین
May ALLAH rest (former President of Pakistan) Mamnoon Hussain sab’s soul in peace and give his family and friends enough strength to cope with this huge loss.— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) July 14, 2021
ممنون حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدارتی منصب کے انتخاب میں حصہ لیا۔ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر تھے۔
ممنون حسین 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کرکے پاکستان آ گیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کیا۔
1993 میں جب پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان نے نواز شریف کی حکومت برطرف کی تو ان دنوں ہی ممنون حسین شریف برادران کے قریب پہنچے اور بعد میں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔
ممنون حسین 1997 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے، 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا مگر صرف چھ ماہ بعد ہی میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے۔