اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث حکومت کے پاس تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سوا کوئ چارہ نہیں تھا، لیکن اس اضافے کے باوجود پاکستان میں تیل کی قیمتیں اس پورے علاقے میں سب سے کم ہیں۔ pic.twitter.com/qddqCOiG7T
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 15, 2021
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 118 روپے 9 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 39 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے.
اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 87 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 4 روپے 67 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔