کراچی: دبئی جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معاملے پر سی اے اے نے ایئرلائنز کو سہولت دینے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے ایئرپورٹس پر مسافروں کے رش کا نوٹس لیتے ہوئے ایئرلائنز کو ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے سہولت دینے کا اعلان کردیا۔
ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ ایئرلائنز ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے اپنا کاؤنٹر قائم کرسکتی ہیں، ٹیسٹ سہولت ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج میں بھی دی جاسکتی ہیں۔
خاقان مرتضیٰ نے کہا کہ ایئرلائنز نے اچانک پالیسی تبدیل کی اس کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں، اچانک اقدامات سے مسافروں کو مشکلات پیش آئی ہیں۔
مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات کی نئی شرط ، پاکستانی مسافروں کیلئے بڑی خبر
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے مسافروں پر پی سی آرٹیسٹ کیساتھ 4 گھنٹے قبل کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کی شرط عائد کی تھی جس کے بعد ایمرٹس نے مسافروں کو لے جانے سے انکار کردیا تھا۔
یاد رہے یو اے ای نے رہائشی ویزا کے حامل پاکستانیوں کو آنے کی اجازت دی تھی، اماراتی حکومت کے مطابق جن کی مکمل ویکسینیشن کو 2 ہفتے ہوچکے ہیں وہ مسافر یو اے ای آسکیں گے۔