کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے صوبے کو سندھو دیش بنا دیا، ہم جب را سے لڑ سکتے ہیں تو پیپلزپارٹی سے بھی لڑ سکتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی نےصوبےکو سندھو دیش بنادیا ہے، غیرمنتخب شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی کے عہدے پر تعینات کیا گیا‘۔
مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پی ایس پی دس محرم کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ شروع کرے گی، اب کراچی اور سندھ کے فیصلے سڑکوں پر ہوں گے‘۔
پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ’کوئی بعید نہیں پاکستان پیپلزپارٹی کسی ملک دشمن سے پیسے لےکرکام کر رہی ہو، جب ہم را سے لڑ سکتے ہیں تو پیپلزپارٹی سے بھی لڑ سکتے ہیں، خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’پیپلزپارٹی نے سندھ کو آصف زرداری کی جاگیر بنادیا ہے، پیپلزپارٹی سندھ میں حکومت نہیں، اپنی جگیر چلا رہی ہے، جہاں وہ بادشاہت والی طرز حکمرانی کررہی ہے‘۔