The news is by your side.

Advertisement

معیشت آئندہ 4 فیصد سے زائد پر ترقی کرے گی، گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت آئندہ 4 فیصد سے زائد پر ترقی کرے گی، ماضی میں معیشت کو مصنوعی طریقے سے چلانے پر نقصان ہوا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سمیت دنیا کی معیشت کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے، آئی ایم ایف کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں غیرملکی زرمبادلہ کی ضرورت ہے، 2 ارب 77 کروڑ ڈالر ملنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، امید ہے ملک کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائیں گے۔

رضا باقر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ریکوری موڈ میں ہے، معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، ہماری معیشت نے استحکام کے پہلے فیز کو اچھی طرح مکمل کیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ملک میں اس وقت جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد ہے، معاشی ٹیم کا بنیادی مقصد ہے کہ اس گروتھ کو برقرار رکھیں۔

رضا باقر نے کہا کہ پاکستان کا احساس ایمرجنسی کیش پروگرام دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام ہے، سیاست سے بالاتر ہوکر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام چلایا گیا۔

کورونا سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ہے جس نے بار بار کورونا کی لہر پر قابو پایا، انشا اللہ کورونا کی چوتھی لہر پر جلد قابو پائیں گے، کورونا کی لہر کم کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں