کراچی: وفاقی حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا، یہ بورڈ بیرون ملک روانگی اور علاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلات فواد چوہدری اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے مقامی اسپتال میں عمر شریف کی عیادت کی۔
وفاقی حکومت کے نمائندگان نے کہا کہ عمر شریف لیجنڈ ہیں، انہیں ممکنہ سہولیات فراہم کریں گے، میڈیکل بورڈ قائم ہوچکا ہے، جو بیرون ملک روانگی یا کسی اور صورت میں سفر کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عمر شریف کو علاج معالجے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ شوکت خانم اسپتال کی فنڈز ریزنگ میں عمر شریف عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے، آج حکومت بھی اُن کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو عمر شریف کے علاج کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں، اسپتال کا میڈیکل بورڈ ڈاکٹر فیصل سلطان کی ہدایت پر کام کرے گا، میڈیکل بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں حکومت اقدامات کرے گی‘۔
بعد ازاں ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر شخصیات نے بھی عمر شریف کی عیادت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔