تازہ ترین

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بُری خبر

اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پاکستانیوں کیلیے بری...

بہت جلد فوج سے مذاکرات ہوں گے، شہریار آفریدی کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر و رہنما پاکستان تحریک...

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

بیٹی کے انتقال کا صدمہ، طلعت اقبال کی طبیعت شدید ناساز

کراچی: پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار طلعت اقبال بیٹی کے انتقال کے بعد شدید بیمار ہوگئے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ماضی کے معروف اداکار طلعت اقبال شدید بیمار ہیں اور امریکی ریاست ٹیکساس کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ طلعت اقبال بے ہوش ہیں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔

اداکار طلعت اقبال کافی عرصے سے ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں مقیم ہیں۔

اہلخانہ کے مطابق چند ہفتے پہلے اداکار طلعت اقبال کی بیٹی کا انتقال ہوا تھا، بیٹی کے انتقال کے بعد سے طلعت اقبال کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔

طلعت اقبال نے 1968 میں شوبز میں کام شروع کیا تھا، ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کی، انہوں نے اپنے وقت کی تمام اداکاراؤں روحی بانو، شبنم، بابرہ شریف، دیبا بیگم اور خالدہ ریاست کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے۔

مزید پڑھیں: طلعت اقبال کی صاحب زادی سارہ کا انتقال

2017 میں طلعت اقبال جب پاکستان آئے تھے تو آرٹس کونسل کراچی نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں معلوم تھا کہ آج بھی لوگ مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں۔

طلعت اقبال کا کہنا تھا کہ میرا دل بہت کرتا ہے کہ میں پاکستان میں رہوں اور ڈراموں میں کام کروں اس لیے میں نے لوگوں کے اصرار پر فیصلہ کیا ہے کہ کچھ عرصہ پاکستان میں رہوں گا اور اداکاری بھی کروں گا، تاہم اس کا موقع نہ مل سکا۔

یاد رہے کہ طلعت اقبال کی اہلیہ سنبل کا انتقال 2014 میں امریکی ریاست ٹیکساس میں ہوا تھا، انہیں کینسر کا موذی مرض لاحق تھا۔ سنبل طلعت ٹی وی پر اپنے کام کے حوالے سے مشہور تھیں۔

Comments

- Advertisement -