حیدرآباد: سندھ کے اسکولوں میں تعینات 58 اساتذہ کا بیرون ملک رہ کر ہر ماہ تنخواہ لینےکا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ میں گھوسٹ اساتذہ کے معاملے پر ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیشن زین العابدین انصاری نے بتایا ہے سندھ کے اسکولوں میں تعینات اٹھاون اساتذہ بیرون ملک ہیں اور ہر ماہ تنخواہ بھی وقت پر لیتے ہیں۔
زین العابدین انصاری کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے سے تصدیق شدہ اساتذہ کی رپورٹ سیکریٹری تعلیم کو بھیجی ہے، بیرون ملک رہائش پذیر اساتذہ کی تنخواہ بند اور نوکریوں سے برطرف کیا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیشن نے کہا کہ مختلف اضلاع کے ڈی اِی اوز،اِی ڈی اوز نے اساتذہ کی رپورٹ نہیں دی۔
یاد رہے محکمہ تعلیم سندھ میں 6 ہزار 342 گھوسٹ اساتذہ کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد اساتذہ کیخلاف کارروائی کے لئے سمری وزیر تعلیم کو بھجوادی تھی۔