قائرہ: مصر میں ایک کم عمر بچے نے کارٹون کردار سے متاثر ہوکر اپنے چھوٹے بھائی کو ذبح کردیا۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مصر کے علاقے الھرم میں 6 سال بچے مارفن نے اپنے چار سالہ بھائی جسٹن کا گلہ معمولی جھگڑے کے بعد چھری سے کاٹ دیا۔
اہل خانہ کے مطابق بچے سے جب بھائی کو مارنے کی وجہ پوچھی گئی تو اُس نے روتے ہوئے کہا کہ ’کارٹونز میں بھی یہی ہوتا ہے، گلے پر چھری پھیرنے کے بعد کھڑے ہوجاتے ہیں، میں نے بھی یہی کیا مگر بھائی دوبارہ اٹھ نہیں سکا‘۔
بچے کی والدہ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ پڑوس میں کسی کام سے گئی تھی، دونوں بھائی معمول کے مطابق گھر میں کھیل رہے تھے کہ اچانک دونوں میں جھگڑا ہوا، جس کے بعد مارفن باروچی خانے سے چھری لایا اور بھائی کے گلے پر پھیر دی۔
والدہ نے بتایا کہ ’میں جب گھر میں داخل ہوئی تو مارفن خون میں لت پت بھائی کے پاس بیٹھا اُسے اٹھانے کی کوشش کررہا تھا‘۔
پڑوسی کے مطابق وہ خاتون کی مدد کی آواز سُن کر جب گھر پہنچے تو وہاں کا منظر ہولناک تھا، خون میں لت پت بچے کو لے کر اسپتال پہنچے تو ڈاکٹر نے موت کی تصدیق کی۔
پولیس نے والدین اور پڑوسیوں سے بیان لینے کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کرکے والدین اور بچے کورہا کر دیاـ