استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان نے روس کے ساتھ دفاعی معاہدے جاری رکھنے اور مزید میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا اعلان کردیا۔
ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوان نے اتوار کے روز امریکی اعتراض اور دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے روس سے مزید میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا اعلان کیا۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ ’ترکی اپنے دفاعی نظام سے متعلق فیصلے کرنے کا خود مختار ہے اور ہم اس حوالے سے کسی کے بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں یہ پیش کش نہیں کی گئی کہ امریکی ساختہ پیٹر یاٹ میزائل خرید لیں، ہم نے امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر کے 1.4 ارب ڈالر کی رقم ادا کی مگر اُس کے باوجود ایف 35 جنگی طیارے فراہم نہیں کیے گیے‘۔
مزید پڑھیں: ترکی نے پاکستانیوں کیلیے بڑی شرط ختم کر دی
واضح رہے کہ ترکی نے پانچ سال قبل روس سے جدید ترین میزائل سسٹم خریدنے کے لیے اربوں ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد 2020 میں امریکی صدر نے معاہدے سے دستبردار نہ ہونے پر ترکی پر تجارتی پابندیاں عائد کردی تھیں۔
علاوہ ازیں امریکا نے ترکی کو ایف 35 پروگرما سے بھی علیحدہ کیا اور محکمہ دفاع کے بعض افسران پر پابندیاں عائد کیں۔
رپورٹ کے مطابق روس کا تیار کردہ ایس 400 میزائل سسٹم امریکا کے جدید ترین جنگی طیارے ایف 35 کو ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی وجہ سے امریکا کو اس معاہدے پر تحفظات ہیں۔