کراچی: کامیڈی کنگ عمر شریف کے بیٹے جواد شریف کا کہنا ہے کہ والد کی نماز جنازہ بدھ کو مولانا بشیر فاروقی پڑھائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کامیڈی کنگ عمر شریف کے بیٹے جواد شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد صاحب کی میت بدھ کی صبح پاکستان پہنچے گی، میت گلشن اقبال میں گھر پر لائی جائے گی۔
جواد شریف نے بتایا کہ نماز جنازہ بدھ کی سہ پہر تین بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا ہوگی، مولانا بشیر فاروقی والد کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مداحوں سے نماز جنازہ میں شرکت اور مغفرت کی دعا کی درخواست ہے، والد کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار میں ہوگی۔
مزید پڑھیں: عمرشریف کی میت پاکستان منتقل کرنے کی تیاریاں
جواد شریف نے وفاق اور سندھ حکومت سمیت تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد محب وطن شخص تھے، والد کو پاکستان سے عشق تھا۔
عمرشریف کے بیٹے جواد شریف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطہ میں قبر کیلئےجگہ کاتعین کیاگیاہے، والد کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو اکتوبر کو طنز و مزاح کے بادشاہ لیجنڈری اداکار عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔