اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے عید میلاد النّبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے رواں برس عید میلاد النّبی ﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منانے کی منظوری دی، جس کے تحت تین ربیع الاول سے 13 ربیع الاول تک عشرہ رحمت العالمین ﷺ منایا جائے گا۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے عید میلاد النّبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر کی جیلوں میں قید مجرمان کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ بھی کیا، جس کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے دو روز بعد ماہِ ربیع الاول 1443 ہجری کا چاند نظر نظر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس وفاقی حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پر سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا تھا، جس سے وزیراعظم عمران خان نے بھی خطاب کیا تھا۔
حکومتی سطح پر ہونے والے کانفرنس کا موضوع ’سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور قدرت کے عطا کردہ وسائل کی قدر کرنا تھا‘۔