بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری سے متعلق وکیل نے حیران کُن انکشاف کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کے وکیل امیت ڈیسائی نے آریان کی کروز شپ پر موجودگی کے الزام کو جھوٹا قرار دے دیا۔
عدالت میں آریان خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آریان خان کروز شپ پر تھے ہی نہیں یہ الزام جھوٹا ہے۔
امیت ڈیسائی نے کہا کہ میرے موکل کو کروز پر جانے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، آریان خان اور ارباز مرچنٹ جب انٹری گیٹ پر پہنچے تو این سی بی کا چھاپہ پہلے سے ہی جاری تھا، این سی بی کو آریان سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔
آریان خان کے وکیل نے این سی بی کے الزام پر کہا کہ جس لڑکے کے پاس سے کچھ برآمد نہیں ہوا اس پر غیر قانونی اسمگلنگ کا الزام مضحکہ خیز اور جھوٹا ہے۔
دوسری جانب این سی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آریان خان اپنے ہوش و حواس میں وہاں گئے، آریان خان اور ارباز مرچنٹ ایک دوسرے کو 10 سال سے جانتے ہیں، ارباز جو منشیات اپنے ساتھ لایا تھا وہ ان ہی کے استعمال کے لیے تھی۔
مزید پڑھیں: آریان خان کو گھر کا کھانا دینے سے انکار کردیا گیا
این سی بی وکیل کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک یا دو افراد سے کچھ لینا دینا نہیں، اصل بات پورے گروہ کی ہے اور آریان بھی اس پارٹی میں موجود تھے۔
منشیات کیس میں آریان خان کے وکیل مانی شندے تھے لیکن شاہ رخ خان نے اپنے ساتھی اداکار سلمان خان کے مشورے پر ان کی جگہ امیت ڈیسائی کو اپنے صاحبزادے کا وکیل مقرر کیا ہے۔
یاد رہے کہ این سی بی نے گزشتہ دنوں کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپہ مارکر آریان سمیت 18 افراد کو حراست میں لیا تھا۔
این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی ہے۔