لاہور: ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی، پاکستان اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے درمیان شیڈول کے لیے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز 8، 11 اور 13 نومبر کو کرانے کی تجویز دی گئی ہے، ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نومبر میں کراچی پہنچ کر تین روز کا قرنطینہ مکمل کرے گی۔
ذرائع کے مطابق تین ون ڈے میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ 22 اکتوبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیمیں سیریز کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے زمبابوے جائیں گی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے بھی پر امید ہے جس کو دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔