واشنگٹن: امریکی سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان دوبارہ مذاکرات کی فضا بحال کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اور یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ٹرمپ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی تعداد کم کردیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا تھا کہ ٹرمپ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرکے 8600 تک کرسکتے ہیں، اس وقت افغانستان میں 12000 امریکی فوجی موجود ہیں، القاعدہ اور داعش کے خاتمے کے لیے طالبان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔
ٹرمپ انتظامیہ طالبان کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ملاقاتیں کررہی ہے۔
کابل : افغان طالبان کا حملہ : سیکیورٹی فورسز کے 23 اہلکار ہلاک ہوگئے
حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک خفیہ طور پر افغانستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے امریکی فوجیوں سے ملاقاتیں کیں اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملے، اس دوران بھی طالبان سے دوبارہ بات چیت شروع کرنے پر زور دیا گیا۔
جبکہ ٹرمپ نے طالبان سے مذاکرات کے لیے رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
ادھر افغان طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، دو روز قبل افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں افغان طالبان کے حملے میں افغان نیشنل آرمی کے 23اہلکار ہلاک ہوئے تھے تاہم افغان وزارت دفاع نے 23 کے بجائے 9 اہلکار کی ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی۔