کراچی: سابق فرسٹ کلاس کرکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیف ایگزیکٹو کے مضبوط امیدوار بن گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہمایوں فدا حسین پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو کے مضبوط امیدوار ہیں، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق کرکٹر ہمایوں فدا حسین برطانیہ میں پاکستانی بینک کے ایچ آر سربراہ ہیں، انہوں نے 39 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں۔
وسیم خان کے استعفے کے بعد پی سی بی نے چیف ایگزیکٹو کیلئے اشتہار دیا تھا، انٹرنل کمیٹی نے اس ضمن میں آنے والی درخواستوں پر غور شروع کر دیا۔
علاوہ ازیں چیئرمین رمیز راجا ان دنوں دبئی میں موجود ہیں، وہ اتوار کو ورلڈ کپ فائنل دیکھنے کے علاوہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں شرکت کریں گے۔
بورڈ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر بھی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرینگے۔
خیال رہے کہ وسیم خان نے گزشتہ ماہ پی سی بی کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، وسیم خان کو دسمبر 2018 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایم ڈی اور بعد میں سی ای او مقرر کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل وہ انگلینڈ میں لیسٹرشائر کاؤنٹی کے سی او او کے ساتھ ساتھ انگلینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے بنائے جانیوالے ورکنگ گروپ کے بھی سربراہ تھے۔