لاہور: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو کا فرانزک کروانے پر معاون خوصی شہباز گل نے اے آر وائی نیوز کو مبارک باد پیش کی۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ بغیر تحقیق و تصدیق کہ ایک خبر چھاپی گئی، صحافی احمد نورانی نے بھی آڈیو کلپ کی فرانزک کرائی پوچھیں پیسہ کہاں سے گیا، انہوں نے جو فرانزک کرایا ہوگا اس کا پیسہ لندن سے ہی گیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سازش کرکے باقاعدہ عدلیہ پر حملہ کیا گیا اور متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، آڈیو کلپ کی تصدیق کے بعد خبر چھاپنی چاہیے تھی، جو صحافتی ادارہ ساری سازش کا حصہ بنا انہیں سامنے آکر معافی مانگنی چاہیے۔
شہباز گل نے کہا کہ جو بھی جھوٹی خبریں چھاپتے ہیں انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا، آڈیو کلپ درست ہوتی تو اسے عدالت میں پیش کیا جاتا، آڈیو کلپ کو انہوں نے پہلے میڈیا کی زینت بنایا گیا اور عدلیہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ثاقب نثار کی لیک آڈیو جعلی نکلی، امریکی فرانزک کمپنی نے بھانڈا پھوڑ دیا
معاون خصوصی نے کہا کہ دباؤ ڈال کر یہ کمیشن، انکوائری بنانا چاہتے تھے تاکہ معاملہ طول پکڑے کیس میں تاخیر ہو اور یہ فائدہ اٹھالیں۔
شہباز گل نے کہا کہ آڈیو کلپ انہوں نے خود بنائی تھی اسی لیے عدالت نہیں لے کر گئے، چیلنج کررہا ہوں یہ آڈیو کلپ کبھی عدالت میں پیش نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی لیک آڈیو جعلی نکل آئی ہے، امریکی فرانزک کمپنی نے آڈیو جعلی ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔