اسلام آباد: پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس 5جی کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے) کے مطابق 2 موبائل آپریٹرز کو 5 جی کے نان کمرشل ٹرائل کی اجازت دی ہے جس کا دورانیہ 6 مہینے ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ زونگ اور موبی لنک کو6ماہ کیلئے5جی ٹیسٹنگ کی اجازت ہوگئی جب کہ یہ اجازت صرف غیر تجارتی بنیادوں پرآزمائش تک ہی محدود رہے گی۔
دوسری جانب پی ٹی اے نے ملک میں 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
کمیٹی کی سربراہی پی ٹی اے کا رکن کرے گا جب کہ چاروں ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے اور دیگر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 22 فیصد آبادی انٹرنیٹ استعمال کرتی ہے اور 5 جی کی دستیابی سے انٹرنیٹ صارفین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔